نئی دہلی ،15؍دسمبر (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)وزیر خزانہ ارون جیٹلی ہتک عزت معاملے میں سپریم کورٹ نے عام آدمی پارٹی کے لیڈر راگھو چڈھا کی درخواست مسترد کر دی گئی ہے۔راگھو کی جانب سے درخواست دی گئی تھی کہ ان کے خلاف پٹیالہ ہاؤس کورٹ میں اس معاملے میں چل رہے ہتک عزت کا مقدمہ منسوخ کیا جائے۔سپریم کورٹ میں راگھو نے کہا کہ انہوں نے صرف اروند کیجریوال کے ٹویٹس کوری ٹویٹ کیا تھا اور یہ مجرمانہ ہتک عزت کا کیس نہیں ہے بلکہ آئی ٹی ایکٹ کا معاملہ ہے۔پوری دنیا میں اس پر کوئی فیصلہ نہیں ہے کہ آیا ٹویٹ کو ری ٹویٹ کرنا ہتک عزت کے دائرے میں ہے۔جیٹلی کی جانب سے وکیل مکل روہتگی اور رنجیت کمار نے اس کی مخالفت کی۔سپریم کورٹ میں جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ نے کہا کہ اگر کسی نے انتہائی اشتعال انگیز ٹویٹ کیا ہے اور کسی نے اسے پڑھ کر ری ٹویٹ کیا ہے تو کیا وہ کہہ سکتا ہے کہ اس نے صرف ری ٹویٹ کیا تھا۔25 ستمبر کو دہلی ہائی کورٹ نے فیصلہ دیا تھا کہ اروند کیجریوال، راگھو چڈھا اور دیگر پر مجرمانہ ہتک عزت کا معاملہ چلتا رہے گا۔ہائی کورٹ نے کہا ہے کہ مقدمے کی سماعت چلانے کے لئے کافی میٹریال ہیں اور ٹرائل کورٹ ہی معاملے میں فیصلہ دے گا۔